بنگلورو،11؍دسمبر(ایس او نیوز) ریاستی اسمبلی میں کل بحث کے بغیر عجلت میں انسداد گؤکشی بل منظور کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کل اپوزیشن کانگریس اور جے ڈی ایس نے اسمبلی سے واک آؤٹ کیا۔ دونوں پارٹیوں نے آج بھی اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں کی،ایوان کا بائیکاٹ کیا۔
حالانکہ اسپیکر وشویشور کاگیری نے ایوان کے اجلاس میں شرکت کرنے کی بارہا اپیل کی۔ دونوں بڑی اپوزیشن پارٹیوں کی غیر حاضری ہی میں اسپیکر نے ایوان کی کارروائی جاری رکھی اور اپوزیشن کے بغیر ہی کئی بلوں کو پاس بھی کردیا۔جن میں بروہت بنگلور مہانگر پالیکے (BBMP) ترمیم بل2020 بھی شامل ہے۔آج دن بھر اجلاس چلانے کے بعد حسب اعلان آج شام اسمبلی اجلاس کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیاگیا۔